7 مارچ 2012 - 20:30

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے ایک بار پھر روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نیٹو کی دفاعی میزائل شیلڈ کی تنصیب کے سلسلے میں واشنگٹن کے ساتھ تعاون کرے۔ ہلیری کلنٹن نے بدھ کے دن کہا کہ امریکہ نیٹو کی دفاعی میزائل شیلڈ کی تنصیب کے سلسلے میں روس کی حمایت حاصل کرنا چاہتا ہے لیکن اگر ماسکو اس بات پر راضی نہ بھی ہوا تب یہ منصوبہ پایۂ تکمیل کو پہنچایا جاۓ گا۔

ابنا: نیٹو کے سیکرٹری جنرل آنڈرس فوگ راسموسن نے منگل کے دن کہا تھا کہ یورپ میں نیٹو کی دفاعی میزائل شیلڈ کے بارے میں روس کے ساتھ نیٹو کے مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچے ہیں۔ روس نے انتباہ دیا ہے کہ اگر امریکہ نے یورپ میں دفاعی میزائل شیلڈ کے اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنایا تو ماسکو بھی جوابی اقدامات انجام دے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ روس کے صدارتی انتخابات کے انعقاد اور ان انتخابات میں ولادیمیر پیوٹن کی کامیابی کے بعد واشنگٹن کی جانب سے روس سے دفاعی میزائل شیلڈ کی تنصیب کے سلسلے میں تعاون کا ایک بار پھر مطالبہ کیا جانا درحقیقت ماسکو کی نئی حکومت کو واشنگٹن کی حکومت کے مقابلے کی دعوت دینا ہے۔ اس بنیاد پر ہلیری کلنٹن کے حالیہ بیانات اور واشنگٹن کی جانب سے ماسکو کو ایک نۓ مقابلے کی دعوت کا مطلب یہ ہے کہ ان دونوں ممالک کے درمیان ایک نئي سرد جنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔ حالیہ برسوں کی صورتحال سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ سرد جنگ کا زمانہ ختم ہونے کے باوجود یہ دونوں ممالک سلامتی کے اعتبار سے ایک دوسرے سے مطمئن نہیں ہیں۔

امریکہ سمیت یورپی ممالک اور روس کے درمیان مشرق میں نیٹو کے پھیلاؤ ، یورپ کی سلامتی اور مشرق وسطی کے مسائل سمیت بہت سے امور کے بارے میں شدید اختلافات پاۓ جاتے ہیں۔ روس کی سرحدوں کے قریب دفاعی میزائل شیلڈ کی تنصیب کے سلسلے میں روس نے بارہا اپنے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے حتی روسی حکام نےاس کے منفی نتائج سے بھی خبردار کیا ہے۔ روسی حکام کو دفاعی میزائل شیلڈ کی تنصیب کے نیٹو کے منصوبے اور امریکی منصوبوں کے ادغام کی تشویش لاحق ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں کا مقصد روس کو کمزور کرنا ہے۔ اسی لۓ امریکہ اور نیٹو کو اس بات کی ضمانت دینا ہوگی کہ یورپ میں ان میزائلوں اور راڈار کے نظام کو روس کے خلاف استعمال نہیں کیا جاۓ گا۔

اس کے باوجود نیٹو اور امریکہ کے حکام اس بات کی تاکید کرتے ہیں کہ وہ روس کو دفاعی میزائل شیلڈ کی تنصیب کے بارے میں کوئي ضمانت دینے کی آمادگی نہیں رکھتے ہیں۔ حالیہ برسوں کے دوران روس اور امریکہ کے بہت سے اختلافات حل نہ ہونے اور مستقبل قریب میں بھی ان کے حل کی امید نہ ہونےکی وجہ سے بہت سے مبصرین کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں یہ دونوں ممالک سرد جنگ کی حالت میں ہیں۔ .......

/169